
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ بنگلہ دیش کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا جس میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
نریندر مودی بنگلہ دیش کے 50ویں یوم آزادی اور اس کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی 100ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں بنگلہ دیش کے دو روزہ دورے پر جمعہ کو ڈھاکہ پہنچے تھے۔ سری لنکا، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے سربراہان بھی ڈھاکہ میں جاری 10 روزہ تقریبات میں شرکت کے لئے آئے ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیش کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے دارالحکومت ڈھاکہ سمیت مختلف بڑے شہروں میں مودی کی آمد پر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مودی نے بھارت میں مذہبی کشیدگی کو جنم دیا اور مسلمانوں پر مظالم ڈھائے۔
ڈھاکہ میں ہونے والے احتجاج میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور جس سے چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے چار احتجاجی مظاہرین جاں بحق بھی ہوئے۔