turky-urdu-logo

ترکی میں نوجوان نسل تیزی سے کم ہو رہی ہے، صدر ایردوان کی نوجوانوں کو جلد شادی کی نصیحت

ترکی میں نوجوان نسل تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ ترک ادارہ شماریات کے مطابق بچوں کی تعداد میں غیر معمولی کمی آ رہی ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان بارہا نوجوانوں کو جلد شادی کرنے کی نصیحت کر چکے ہیں۔

ترک ادارہ شماریات کے مطابق 2014 میں 17 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کی تعداد جو مجموعی آبادی کا 29.4 فیصد تھی پانچ سال یعنی 2019 میں کم ہو کر 27.5 فیصد رہ گئی ہے۔ اس وقت ترکی میں 17 سال کے نوجوانوں کی تعداد 2 کروڑ 28 لاکھ ہے۔

ترک حکومت نوجوانوں کی تعداد میں مسلسل کمی پر تشویش میں مبتلا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق آنے والے برسوں میں نوجوانوں کی آبادی میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔

1935 میں ترکی میں نوجوان نسل آبادی کا 45 فیصد تھی۔ اس وقت خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ آنے والے برسوں میں اس میں کمی آ جائے گی۔ ترک ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ اگر نوجوانوں میں جلد شادی کرنے کا رجحان نہیں بڑھا تو آنے والے برسوں میں ملک کی آبادی میں نوجوان نسل کا تناسب 19 فیصد رہ جائے گا۔ اس وقت یورپ میں بھی نوجوان نسل تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ یورپین ادارہ شماریات کے مطابق پورے یورپ کی مجموعی آبادی میں نوجوانوں کی شرح 18.6 فیصد رہ گئی ہے۔

یورپین اور ترک ادارہ شماریات کے مطابق گو کہ یورپ کے مقابلے میں ترکی میں شرح پیدائش بہتر ہے لیکن اس کے باوجود نوجوانوں کی آبادی غیر معمولی طور پر کم ہو رہی ہے۔

اس وقت ترکی میں شرح پیدائش 1.88 فیصد ہے جو اس سے پہلے 2.1 فیصد تھی۔

یورپین ادارہ شماریات کے مطابق 2019 میں یورپی ممالک میں 41 لاکھ 70 ہزار بچے پیدا ہوئے۔ اس طرح یورپین یونین میں شرح پیدائش 1.53 فیصد رہی۔

فرانس میں شرح پیدائش سب سے زیادہ 1.86 فیصد، رومانیہ 1.77 جبکہ جمہوریہ چیک، آئرلینڈ اور سوئیڈن میں شرح پیدائش 1.71 فیصد رہی۔

ماہرین بچوں کی پیدائش میں کمی کی بڑی وجہ لوگوں کی شہروں میں نقل مکانی کو قرار دے رہے ہیں۔ خواتین کا تعلیم اور روزگار کی طرف رجحان تیزی سے بڑھا ہے جس کے باعث وہ وقت پر شادی نہیں کر پاتیں۔ دوسری بڑی وجہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے جس نے نوجوانوں کو جلد شادی کرنے کے رجحان میں کمی کر دی ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان بھی بارہا نوجوان نسل کی تعداد میں کمی پر تشویش ظاہر کر چکے ہیں۔ مختلف یونیورسٹیز میں اپنے خطاب کے دوران وہ نوجوان نسل کو کئی بار جلد شادی کرنے کی نصیحت کر چکے ہیں۔

Read Previous

ہاتھیوں کی 5 نایاب نسلیں 8 لاکھ سال پہلے ترکی میں رہتی تھیں

Read Next

سعودی عرب کی جمال خشوگی قتل کیس کی تفتیشی افسر کو قتل کی دھمکی

Leave a Reply