turky-urdu-logo

یورپ ترکی کا شکر گزار رہے، ترکی نے مہاجرین کے سیلاب کو یورپ جانے سے روکا ہوا ہے، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے یورپین یونین سے کہا ہے کہ اگر ترکی نے مہاجرین کے سیلاب کو یورپ جانے کے لئے کھلا چھوڑ دیا تو یورپ ایک بہت بڑے بحران کا شکار ہو جائے گا۔

یورپین کمیشن کی صدر اُرسلا وون ڈیر اور یورپین کونسل کے سربراہ چارلس مچل کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ یورپ پر ترکی کا یہ احسان ہے کہ مہاجرین کے سیلاب کو روکے رکھا ہوا ہے۔

یورپین یونین کا سربراہ اجلاس 25 اور 26 مارچ کو برسلز میں ہو رہا ہے جس میں ترکی اور یورپین یونین کے مستقبل کے تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔

صدر ایردوان نے امید ظاہر کی کہ یورپین یونین کے سربراہ اجلاس میں ترکی اور یورپ کے مضبوط تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی راہ ہموار کی جائے گی۔

سربراہ اجلاس میں ترکی ایک رپورٹ بھی پیش کرے گا جس میں یورپی ممالک اور ترکی کے تعلقات کے حوالے سے ٹھوس اور جامع پالیسی وضع کرنے کے لئے تجاویز دی جائیں گی۔

صدر ایردوان نے امید ظاہر کی کہ 2016 میں یورپین یونین اور ترکی کے درمیان مہاجرین کے معاملے پر جو معاہدہ طے پایا تھا اسی بنیاد پر تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

صدر ایردوان نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ترکی پر پناہ گزینوں اور غیر قانونی مہاجرین کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یورپین یونین مشرقی بحیرہ روم کے معاملات پر یونان کو اپنا کندھا استعمال کرنے کی اجازت نہ دے کیونکہ مشرقی بحیرہ روم کی سمندری حدود پر ترکی کسی صورت دباؤ قبول نہیں کرے گا۔

انہوں نے ترک اور یونانی قبرص کے معاملے کو بھی جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یورپین یونین دو الگ ریاستوں اور خود مختار ریاستوں کے قیام کی تجویز کو منظور کرے تاکہ خطے میں جاری بحران کو ختم کیا جا سکے۔

صدر ایردوان نے یورپی رہنماؤں کو واضح پیغام دیا کہ مشرقی بحیرہ روم اور آئجن کے معاملے پر ترکی یونان اور یونانی قبرص کے جارحانہ رویئے کو فی الحال سفارتی کوششوں سے حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن اسے کسی بھی صورت میں ترکی کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔

یورپین کمیشن کی سربراہ اُرسلا وون ڈیر نے کہا کہ دسمبر میں ہونے والی سربراہ کانفرنس کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ترک اور یونانی قبرص پر بات ہو گی۔ ترکی اور یورپین یونین کے مستقبل کے تعلقات کا ایک خاکہ بھی تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یورپین یونین اقوام متحدہ کی قبرص کے معاملے پر قرار دادوں کے تحت معاملات کو آگے بڑھائے گی۔

Read Previous

پودے بھی انسانوں سے ہم کلام ہو سکتے ہیں، تحقیق سے ثابت ہوگیا

Read Next

ترکی میں کورونا وائرس کا جن ایک بار پھر بے قابو

Leave a Reply