turky-urdu-logo

افغان فوج کے 46 فوجی اہلکاروں کو پاکستان میں پناہ دی، ترجمان پاک فوج

پاک فوج نے افغان نیشنل آرمی کی درخواست پر افغانستان کے 5 افسران سمیت 46 فوجی اہلکاروں کو پاکستان میں پناہ/محفوظ راستہ فراہم کیا ہے۔ یہ اہلکار افغانستان میں سکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے پاک۔افغان بین الاقوامی سرحد کے ساتھ اپنی فوجی پوسٹوں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ افغان فوجی گزشتہ رات چترال کے ارندو سیکٹر پہنچے تھے۔ افغان نیشنل آرمی کے مقامی کمانڈر نے ارندو سیکٹر چترال میں پاک فوج سے افغان سکیورٹی اہلکاروں کے لیے پناہ اور محفوظ راستہ فراہم کرنے کی درخواست کی۔

پاک فوج کی جانب سے معلومات اور دیگر ضروری اقدامات کے لیے افغان حکام سے رابطہ کیا گیا جس کے بعد ضروری فوجی طریقہ کار کے تحت افغان نیشنل آرمی اور بارڈر پولیس کے 5 افسران سمیت 46 اہلکاروں کوپاکستان میں پناہ /محفوظ راستہ فراہم کیا گیا ہے ۔افغان فوجیوں کو طے شدہ فوجی اصولوں کے مطابق کھانا ، رہائش اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

ان افسران اور جوانوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد احترام کے ساتھ افغان حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔ قبل ازیں یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے بین الاقوامی سرحد کے ساتھ اپنی فوجی چوکی چھوڑنے کے بعد پاک فوج کو پناہ /محفوظ راستہ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی ۔انہیں بھی پاکستان میں محفوظ راستہ دیا گیا اور مناسب طریقہ کار کے بعد افغان حکومت کے سپرد کیا گیا۔

Read Previous

پی ایس ایل 7: اگلے سال جنوری یا فروری میں منعقد ہوگا

Read Next

سائنسدانوں نے ڈیلٹا ویرینٹ کی تیزی سے پھیلنے کی وجہ معلوم کرلی

Leave a Reply