
ترک حلالِ احمر کی جانب سے غزہ کے لیے تیسرا انسانی امداد اور راشن سے بھرا ہوا جہاز روانہ کر دیا گیا۔
جہاز میں 1500 ٹن سے زائد کا انسانی امداد کا سامان ہے جس میں 6 ایمبولینس گاڑیاں، پانی صاف کرنے والی مشینیں ،غذائی اجناس، پانی کی بوتلیں، خیمے اور دیگر اشیائے ضرورت موجود ہیں۔
یہ جہاز مصر کی بندرگاہ پر کم و بیش تیس گھنٹے تک پہنچ جائے گا۔
ترکیہ کے مرسین بین الاقوامی بندرگاہ پر روانگی کے موقع پر ترک ہلال احمر کے نائب صدر یوسف رمضان نے غزہ میں انسانی المیے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کی جاری جارحیت کا حوالہ دیا جس میں 7 اکتوبر کو فلسطینی گروپ حماس کے اچانک حملے اور تنازع شروع ہونے کے بعد سے تقریباً 25 ہزار شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ بتاتے ہوئے کہ ترکیہ پہلے دن سے غزہ کے لیے میدان میں ہیں انکا کہنا تھا کہ ہمارے تیسرے امدادی جہاز میں بہت سی ضروریات زندگی کی چیزیں موجود ہیں، یہ تقریباً 30 گھنٹے میں مصر کی العریش بندرگاہ پہنچ جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ ہم قیمتی عطیات کے لیے اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بحری جہاز ترکوں کی اپنے بھائیوں کے لیے محبت لے کر جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ جہاز جہاں بھی جائے گا زخموں پر مرہم ثابت ہو گا۔
ترک ہلال احمر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکرو کین اور امدادی گروپ کے دیگر عہدیداروں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔