پاکستان کے سابق کرکٹر سلمان بٹ نے پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے بھی واضح اور مضبوط فیصلہ کیا ہے، اس سے پہلے ہمیشہ بھارت ہی مختلف بہانوں سے میچز سے بچتا رہا ہے۔
سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ پہلے ہی پاکستان کے ساتھ براہِ راست کرکٹ نہ کھیلنے کی بات کرتا رہا ہے، لیکن ایشیا کپ اور آئی سی سی ایونٹس میں صرف پیسے کی خاطر میچ کھیلتا ہے۔ انہوں نے بھارتی رویے کو بچگانہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی حکومت نے بھرپور مؤقف اپنایا ہے اور اگر آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف کوئی سخت فیصلہ کیا تو اس کا نقصان خود آئی سی سی اور اس کے براڈکاسٹرز کو ہوگا۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش کے ایونٹ سے نکلنے سے بھارت کو پہلے ہی نقصان ہوا ہے، اور اب پاکستان کے فیصلے سے مالی نقصان مزید بڑھے گا۔
سلمان بٹ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ صرف کھیل نہیں بلکہ اس سے تجارتی مفادات، نشریاتی حقوق اور آئی سی سی کی پالیسیاں جڑی ہوتی ہیں، اس لیے اس معاملے میں آئی سی سی کو مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ انہوں نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر بھی بات کی، حارث رؤف، شاداب خان، بابر اعظم اور محمد رضوان کے بارے میں اپنی رائے دی اور کہا کہ پاکستان کے پاس نوجوان ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بس درست کمبی نیشن اور بروقت فیصلے ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گی، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی، جس کے بعد عالمی کرکٹ حلقوں میں بحث تیز ہو گئی ہے۔

