turky-urdu-logo

پاکستان اور آذربائیجان کی بحری افواج کے سربراہان کی ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، منگل کے روز اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کی بحری افواج کے سربراہان نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شاہین محمدوف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں سمندری سلامتی کی صورتحال اور تربیت و دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آذربائیجان کے بحری کمانڈر کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر مہمان کمانڈر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ بعد ازاں انہیں پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد باہمی اعتماد اور قریبی دفاعی و بحری تعاون پر ہے۔ بیان کے مطابق، آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مجموعی طور پر اور بالخصوص بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون پہلے ہی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔ 2024 میں آذربائیجان نے پاکستان کے ساتھ 1.6 ارب ڈالر کا ایک بڑا دفاعی معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیارے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ طیارے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس اور چین کے چینگدو ایئرکرافٹ انڈسٹری گروپ کے اشتراک سے تیار کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل، گزشتہ سال اگست میں آذربائیجان کے وزیرِ دفاع نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک اعلیٰ جنگی اعزاز سے بھی نوازا تھا، جو دونوں ممالک کے قریبی دفاعی تعلقات کی ایک اہم مثال ہے

Read Previous

لیبیا کے کمانڈر اِن چیف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون پر اتفاق

Leave a Reply