
بنگلہ دیش کے نوجوان اور مقبول طالبعلم رہنما شریف عثمان ہادی کی نمازِ جنازہ ڈھاکہ میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ سے قبل امام صاحب نے لاکھوں سوگواروں کے اجتماع سے خطاب کیا، جس کے دوران فضا غم سے بوجھل رہی اور مناظر انتہائی رقت آمیز تھے، ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔
نمازِ جنازہ میں عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمن، طلبہ انقلاب کے رہنما ناہید الاسلام سمیت مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔
شریف عثمان ہادی بنگلہ دیش کی طلبہ تنظیم انقلاب مانچا کے اہم رہنما تھے۔ گزشتہ ہفتے ڈھاکہ میں انتخابی مہم کے دوران چہرہ ڈھانپے نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیا گیا، تاہم طبی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔
نوجوان رہنما عثمان ہادی بھارت کے سخت ناقدین میں شمار کیے جاتے تھے۔ ان کی شہادت پر بنگلہ دیش بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے اور مختلف شہروں میں تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں
