امریکہ نے بحیرہ اسود کے راستے اناج کی ترسیل بحال کرنے کے لیے ترکیہ کی پیش کردہ تجویز کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے باوجود عالمی غذائی تحفظ کے لیے اناج کی ترسیل میں رکاوٹیں دور کرنے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
اٹلانٹا میں جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مارکو روبیو نے بتایا کہ ترکیہ اور بھارت نے بحیرہ اسود سے اناج کی ترسیل دوبارہ شروع کرنے کے لیے تجاویز پیش کی ہیں۔ واشنگٹن ان تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے اور اس معاملے پر مزید پیش رفت کے امکانات تلاش کیے جا رہے ہیں۔
روبیو کے مطابق، ترکیہ کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور امریکہ ایسی کسی بھی کوشش کا خیرمقدم کرے گا جو اناج کی محفوظ ترسیل کے لیے قابلِ عمل انتظام کی راہ ہموار کرے۔
امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اناج کی ترسیل بحال کرنے کا انتظام روس یوکرین جنگ کا حل نہیں ہوگا، تاہم اس سے تنازع کے ایک اہم پہلو کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ان کے مطابق بحیرہ اسود کی تجارت میں رکاوٹوں کے اثرات عالمی غذائی تحفظ پر پڑ رہے ہیں، بالخصوص ان ممالک پر جو خوراک کی فراہمی کے لیے درآمدات پر انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے نے کہا کہ متعدد ممالک اس معاملے میں ممکنہ ضامن یا سہولت کار کا کردار ادا کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے بھی کہا کہ اگر دونوں فریقوں سے بات چیت ہی ممکن نہ ہو تو مذاکرات کے ذریعے تصفیہ کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
