
آج سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے دروازے تمام دنیا کے مسلمانوں کے لئے دوبارہ کھول دیئے گئے ہیں۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث مارچ میں مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کے لئے عمرہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم اب آٹھ ماہ بعد یہ پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر امر المدحہ نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر دنیا بھر سے آنے والے 20 ہزار افراد کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت ہو گی تاہم پنجگانہ نماز کے لئے 60 ہزار افراد مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔
مسجد نبوی میں حاضری کے لئے بھی یومیہ صرف 20 ہزار افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
مکة المکرمہ آنے کی اجازت صرف ان ممالک کے شہریوں کو ہو گی جن پر سعودی عرب نے سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ سعودی حکومت یومیہ بنیادوں پر صرف محدود افراد کو ہی عمرہ کی ادائیگی کے ویزے جاری کرے گی۔