
صدر ایردوان 12 سے 13 فروری کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور 14 فروری کو مصر کا دورہ کریں گے۔
ترک کمیونیکشن ڈائیریٹوریٹ کے مطابق صدر ایردوان 13 فروری کو دبئی میں منعقد ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
ترک صدر اس سمٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کریں گے جس میں مختلف ممالک کے ریاستی اور سرکاری حکام، بین الاقوامی تنظیموں، نجی شعبے، اکیڈمی، سول سوسائٹی، تھنک ٹینکس اور میڈیا کے نمائندوں اور کاروباری افراد کو اکٹھا کیا جائے گا۔
سربراہی اجلاس کے ایک حصے کے طور پر صدر ایردوان شرکت کرنے والے ممالک کے اپنے ہم منصبوں، خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
صدر ایردوان کے دورہ قاہرہ کے دوران ترکیہ اور مصر کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور اعلیٰ سطحی دوطرفہ تعاون کے طریقہ کار کو زندہ کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقاتوں کا ایجنڈا موجودہ عالمی اور علاقائی مسائل بالخصوص غزہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حملوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔