پاکستانی اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں ایک جامع حکومت کے لئے علاقائی اور عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ترکی کے ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حکومت کی تشکیل افغان عوام کی ذمہ داری ہے۔ تاہم علاقائی طاقتوں کو افغانستان کے استحکام میں مدد دینی ہوگی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں جامع حکومت کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی جانی چاہئے۔چوہدری فواد حسین نے متنبہ کیا کہ اگر دنیا نے افغانستان کو ترک کرنے کی وہی غلطی دہرائی تو اس سے پاکستان کی سرحد کے ساتھ انتہا پسند تنظیموں کا مرکز بنے گا جو ہمارے لئے انتہائی پریشان کن ہے۔انہوں نے کہا کہ سردست ہماری سرحدوں پر صورتحال واقعی ہی معمول پر ہے تاہم اگر افغانستان میں عدم استحکام جاری رہا، تو پناہ گزینوں سے نمٹنے کے لئے ہمارے پاس ایک جامع منصوبہ ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کا داخلہ نہیں چاہتے تاہم ہم سرحد پر ان کے لئے انتظامات کریں گے۔
