
انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
ترکیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے تقریب کا آغاز معزز مہمانوں اور پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی میں قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم لہرا کر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے قیام کے لیے ہمارے پرکھوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ یہ دن قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہوئے پاکستان کے بانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستان میں امن اور ترقی کیے لیے دن رات کوشش کرنی چاہیے۔
سفیر پاکستان نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ غم ہو یا خوشی ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مبارکباد کے پیغامات بھیجنے اور باسفورس پر ایشیا کو یورپ سے ملانے والے پلوں کو پاکستان کے پرچم کے رنگ میں روشن کرکے یوم پاکستان کی تقریبات میں شامل ہونے پر ترک قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک تاریخی دن ہے۔ آج کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کے مطالبے کے لیے قرارداد لاہور جو بعد میں قرارداد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی، منظور کی گئی۔ 23 مارچ 1940 کو دیکھا گیا خواب 14 اگست 1947 کو پاکستان کی صورت میں حقیقت بن گیا۔