
ترکی کے وزیر برائے نقل و حمل اور انفرا سٹرکچر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ استنبول کی نئی میٹرو لائن جو شہر کے دل کو میگا استنبول ہوائی اڈے سے ملاتی ہے اپریل 2021 کے آخر تک کھول دی جائے گی۔
عادل کاریسمائلولو نے میٹرو کی تعمیر کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کاتھان ڈسٹرکٹ سے لے کر استنبول ہوائی اڈے تک کا راستہ ابتدائی طور پر کھول دیا جائے گا جبکہ ضلع ہلالی سے لے کر ہوائی اڈے تک کا راستہ 2022 میں مکمل ہونے کے بعد کھولا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے ساڑھے چار ہزار اہلکار کام کر رہے ہیں۔ جاری منصوبوں کی تکمیل کے بعد ، استنبول کا میٹرو نیٹ ورک 324 کلو میٹر تک پہنچ جائے گا۔
نئی لائن استنبول کے یورپی کنارے سائیلی میں گیزیانتیپ سے مسافروں کو صرف 35 منٹ میں ہوائی اڈے تک پہنچا دے گی۔
نئی میٹرو لائن 37.5 کلو میٹر تک پھیلے گی۔ اس میں 9 اسٹیشن شامل ہونگے اور یہ ملک کی تیز ترین میٹرو لائن ہوگی جو 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جائے گی۔
توقع کی جارہی ہے کہ اس لائن پر ہر روز 600،000 لوگ سفر کر سکیں گے۔