بلغاریہ کی قائم مقام صدر ایلیانا یوتووا نے صدارتی انتخاب جیت کر ملک کی تاریخ میں پہلی بار براہِ راست منتخب ہونے والی خاتون صدر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ مرکزی انتخابی کمیشن کے قریب حتمی نتائج کے مطابق 99.95 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہونے پر یوتووا اور ان کے نائب صدارتی امیدوار کیریل ویلچوف نے 57.58 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے حریف آندرے گیوروف اور جارجی کاندیف کو 39.47 فیصد ووٹ ملے۔
1908 میں مکمل آزادی حاصل کرنے والے بلغاریہ کی 118 سالہ آزاد تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک خاتون براہِ راست صدر منتخب ہوئی ہیں۔ یوتووا اس سے قبل ملک کی نائب صدر رہ چکی ہیں اور جنوری 2026 میں اس وقت قائم مقام صدر کا منصب سنبھالا تھا جب سابق صدر رومین رادیف نے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ اب انتخابی کامیابی کے بعد انہیں اپنی مدتِ صدارت کے لیے عوامی مینڈیٹ بھی حاصل ہو گیا ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
62 سالہ یوتووا کی کامیابی کو وزیر اعظم رومین رادیف کی جماعت پروگریسو بلغاریہ کے لیے بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ جماعت اپریل میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں 240 میں سے 131 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے۔ یوتووا کی حمایت بھی اسی جماعت نے کی تھی۔ تاہم بعض مبصرین کے مطابق پارلیمان اور صدارت دونوں کا حکومتی جماعت کے زیرِ اثر آنا ادارہ جاتی توازن اور اختیارات کی نگرانی کے حوالے سے سوالات پیدا کر سکتا ہے۔
انتخابی مہم میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ایک اہم موضوع رہی۔ یوتووا نے خود کو امن کی حامی امیدوار کے طور پر پیش کیا اور جنگ کے خاتمے کے لیے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات پر زور دیا۔ وہ یوکرین کو فوجی امداد جاری رکھنے کی مخالفت کرتی رہی ہیں اور روس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے ساتھ پابندیاں اٹھانے کی حمایت بھی کرتی ہیں۔ اس کے برعکس ان کے حریف آندرے گیوروف نے یوکرین کی حمایت اور مغربی اتحادیوں کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
بلغاریہ یورپی یونین اور نیٹو کا رکن ملک ہے۔ اس کی سیاست میں ایک طرف یورپ کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے پر اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے، جبکہ دوسری جانب روس کے ساتھ تاریخی اور ثقافتی روابط کے باعث معاشرے میں اس کے ساتھ بہتر تعلقات کی حمایت بھی موجود ہے۔ بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں پر ڈرون حملوں اور علاقائی سلامتی کے خدشات نے بھی انتخابی مہم کو متاثر کیا۔
بلغاریہ میں صدر کا منصب زیادہ تر رسمی نوعیت کا ہے، تاہم صدر مسلح افواج کے سربراہ ہوتے ہیں، قانون سازی پر ویٹو کر سکتے ہیں، بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط اور سفیروں کی تقرری کرتے ہیں۔ سیاسی بحران کی صورت میں عبوری حکومت کے قیام میں بھی صدر کا اہم کردار ہوتا ہے۔ صدر کی مدتِ منصب 5 سال ہے اور کوئی شخص زیادہ سے زیادہ 2 مرتبہ اس عہدے پر فائز ہو سکتا ہے۔
